ربیع الاول اور سیرتِ نبوی ﷺ – اسلامی سنگھ نیپال کا پیغام
محترم امیدواران بھائیو اور بہنو ! اسلامی سنگھ نیپال
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں ایمان و اسلام کی دولت سے نوازا اور اپنے محبوب نبی محمد مصطفی ﷺ کی امت میں شامل فرمایا۔ ربیع الاول کا مہینہ وہ مبارک مہینہ ہے جس میں سرورِ کائنات، خاتم النبیین ﷺ دنیا میں تشریف لائے۔ یہ مہینہ ہمیں یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم اپنی اور ساری انسانیت کے سامنے نبی ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو پیش کریں، تاکہ دنیا آپ ﷺ کے اعلیٰ اخلاق، عادلانہ نظام اور رحمت بھری زندگی سے روشناس ہو سکے۔
اس مناسبت سے ہم تمام اراکین و امیدواران کو چند اہم تذکیرات پیش کرتے ہیں:
1. سیرتِ طیبہ کا تعارف:
اس مہینے کو غنیمت سمجھتے ہوئے گھروں، مساجد، مدارس، علمی و سماجی مجالس میں سیرت النبی ﷺ کا تعارف پیش کریں۔ مسلمین کے ساتھ ساتھ غیر مسلم برادران کے سامنے بھی نبی ﷺ کی رحمت، عدل، اخلاقِ حسنہ اور انسانیت نوازی کو بیان کریں۔
2. بدعات و خرافات سے اجتناب:
افسوس کہ اس مہینے میں بعض جگہوں پر ایسے اعمال کیے جاتے ہیں جن کا شریعت سے کوئی ثبوت نہیں، بلکہ وہ بدعات و خرافات کے زمرے میں آتے ہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم ایسے امور سے خود بھی بچیں اور سماج کو بھی اس سے محفوظ رکھنے کی کوشش کریں۔
3. عملی نمونہ بننا:
نبی کریم ﷺ کی حقیقی محبت صرف زبانی دعوے سے نہیں بلکہ آپ ﷺ کی سنت پر عمل اور آپ کے اخلاق کو اپنانے سے ثابت ہوتی ہے۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ اپنی عبادات، معاملات، اخلاق و کردار اور دعوتی سرگرمیوں میں نبی ﷺ کے عملی نمونہ کو اپنائیں۔
4. دعوتی و سماجی فریضہ:
اسلامی سنگھ کے ارکان ، امیدواران اور یونٹ کے ذمہ داران سے درخواست ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں مثبت دعوتی پیغام عام کریں، سیرت کے پیغامات پر مشتمل چھوٹے پروگرام، لیکچر یا مجلس منعقد کریں تاکہ سماج میں صحیح شعور اور نبی ﷺ سے سچی وابستگی پروان چڑھے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اس مہینے کی برکت سے اپنی زندگیاں سیرت النبی ﷺ کے سانچے میں ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے، اور اسلام کی صحیح نمائندگی کرنے والا بنائے۔ آمین یا رب العالمین۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کا بھائی
اطہر علی فلاحی
سکریٹری جنرل ، اسلامی سنگھ نیپال